ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار: پنچایت انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری، 11 مراحل میں ہوگی ووٹنگ

بہار: پنچایت انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری، 11 مراحل میں ہوگی ووٹنگ

Wed, 25 Aug 2021 00:17:56    S.O. News Service

پٹنہ،25؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں پنچایت انتخاب 2021 کیلئے آج نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی مثالی ضابطۂ اخلاق نافذ کر دیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر دیپک پرساد نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں اس کی جانکاری دی کہ آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور خوف سے پاک ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام کار گر تدابیر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے توسط سے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

پرساد نے کہا کہ انتخاب سے متعلق ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ووٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ ریاست میں 534 بلاک اور 8072 پنچایت ہیں۔ اسی طرح 6.38 کروڑ ووٹر ہیں جن میں 3.35 کروڑ مرد اور 3.03 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل 8072 مکھیا، گرام پنچایت رکن کے 113307، پنچایت سمیتی کے رکن 11104، ضلع پریشد رکن کے 1160، گرام کچہری سرپنچ کے 8072 اور پنچ کے 113307 عہدوں کیلئے انتخاب ہوںگے۔ کل دو لاکھ 55 ہزار 22 عہدوں کیلئے ووٹنگ ہوگی۔

الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنچایت انتخاب میں چھ عہدوں کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ ان میں سے 4 عہدوں کیلئے ای وی ایم سے وہیں دو عہدوں کیلئے بیلٹ پیپر سے انتخاب ہوں گے۔ انتخاب میں 2.56 لاکھ ای وی ایم کی ضرورت تھی، جس کے عوض میں دو لاکھ 51 ہزار ای وی ایم حاصل ہوسکے ہیں۔


Share: